مفتی محمد مناظر حسین مرکزی
اسلامی سال کا پہلا مہینہ محرم الحرام ہے جسکی اساس ہجرت نبوی کو بنایا گیا ہے۔ ضرورت اس طرح پیش آئی کہ حضرت ابوموسی اشعری جو یمن کے گورنر تھے فرامین بھیجتے رہتے مگر ان پر تاریخ درج نہیں ہوتی جس کی وجہ سے بعض اوقات سخت مشکلات پیش آجاتی تھیں یا درست وقت کا علم نہیں ہوتا تھا۔ چنانچہ انہوں نے حضرت عمر کا دھیان تاریخ کی طرف کیا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ بحیثیت خلیفہ ایک فائل آئی جسمیں تاریخ تھی مگر سال درج نہیں تھا آپ کو خیال ہوا کہ مسلمانوں کا اپنا کوئی کلینڈر ہونا چاہیے آپ نے مجلس شوریٰ میں ۱۷ ہجری کو یہ تجویز رکھی اور اس پر یہ فیصلہ ہوا کہ اسلامی کلینڈر واقعہءہجرت پر مبنی ہونا چاہیے۔اسلامی تقویم اور سن ہجری میں ”محرم الحرام“ کو بنیادی عظمت اور اہمیت حاصل ہے۔ تاریخ کی کتابوں میں اس ماہ میں پیش ہوئے بہت سے واقعات محفوظ ہیں۔
باغ اسلام کی آبیاری کے لیے جو جنگیں لڑی گئیں، جنہوں نے خون دیا اور شہادت کو گلے لگایا ان کو بھلایا نہیں جا سکتا آج ضرورت ہےکہ نسلوں کوتاریخ اسلام سے آگاہ کرتے ہوے انبیاء، صحابہ اوراکابرین کی قربانیوں کا ذکر کیا جائے۔ ساتھ ہی اُن کی ہمت وشجاعت اورحق گوئی کا بھی پاٹھ پڑھایا جائے۔
سالِ نو کا آغاز ہو چکا ہے خود کا محاسبہ کریں۔اور بچوں میں دین سے متعلق بیداری لائیں۔اور خود سے وعدہ کریں کہ 1445 ھجری میں خوب رب کی عبادت کریں گےاور بچوں کو نماز کی ترغیب دیں گے۔ اللہ یہ سال ہمارے لیے خوب برکتوں والا بنائے۔
آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم
یکم محرم الحرام 1445
20 جولائی 2023
![]()